فیصلہ ہوچکا، دہشتگرد پاکستان میں ہوں یا افغانستان میں انہیں نہیں چھوڑا جائیگا: وزیر ریلوے
لاہور (صداۓ روس)
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے لاہور میں ریلوے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا عزم کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو عناصر معصوم انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں، چاہے وہ پاکستان میں موجود ہوں یا افغانستان یا کسی دوسرے ملک میں پناہ لے لیں، انہیں کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن بھی شامل ہے۔ مزید برآں، ریلوے پولیس کے سکیل کو پنجاب پولیس کے برابر کر دیا گیا ہے تاکہ ان کی استعداد کار میں اضافہ ہو سکے۔
حنیف عباسی نے دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ ملک میں دہشت گردی دوبارہ کیوں سر اٹھا رہی ہے۔ ان کے مطابق، پوری دنیا کو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ کھٹک رہا ہے اور اس کی تکمیل کو روکنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ طے ہو چکا ہے کہ پاکستان میں موجود تمام دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اگر وہ بھاگ کر کسی دوسرے ملک میں بھی چلے جائیں، تب بھی ان کا تعاقب کیا جائے گا اور انہیں کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے جعفر ایکسپریس کے اندوہناک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے المناک واقعات کے باوجود بعض لوگ اپنے سیاسی مقاصد کے لیے سرگرم ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اس واقعے کی مذمت امریکا اور اقوام متحدہ نے کی، مگر ہمارے دشمنوں نے اس پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک سازش ہے، جسے ہم سب کو مل کر ناکام بنانا ہوگا۔
حنیف عباسی نے مزید کہا کہ ملک کی بہتری اور سلامتی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں بھی ماضی میں جیلوں کا سامنا کرنا پڑا، مگر ہم نے کبھی ریاستی اداروں کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا، اس لیے تمام سیاسی قوتوں کو چاہیے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ملک کی سالمیت کے لیے متحد ہوں۔