واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک)
جاپانی کار ساز ادارے ٹویوٹا کی امریکہ میں کاروں کی فروخت پہلی بار ریکارڈ سطح پر جا پہنچی جس میں اس نے معروف کار جی ایم کو بھی پیچھے چھوڑدیا ہے. ٹویوٹا موٹر کی امریکہ میں سالانہ فروخت پہلی بار جی ایم سے بڑھ گئی ہے۔ جاپانی گاڑی ساز کمپنی نے عالمی وباء کے باعث فراہمی میں آنے والی رکاوٹوں کے اثرات کو کم سے کم رکھنے میں کامیابی کے باعث یہ پوزیشن حاصل کی ہے۔
ٹویوٹا موٹر نارتھ امریکہ کے عہدیداران نے بتایا کہ کمپنی نے سنہ 2021 میں 23 لاکھ 30 ہزار سے زائد نئی گاڑیاں فروخت کیں۔ جبکہ امریکہ کی سب سے بڑی گاڑی ساز کمپنی جی ایم نے اسی عرصے کے دوران تقریباً 22 لاکھ 10 ہزار گاڑیاں فروخت کیں۔ سنہ 1931 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جی ایم، امریکہ میں گاڑیوں کی فروخت میں پہلے نمبر پر نہیں رہی۔
جی ایم کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ اس کی فروخت میں ایک سال قبل کے مقابلے میں 12.9 فیصد کمی ہوئی ہے۔ اس کی وجوہات میں سیمی کنڈکٹرز کی عالمی قلت بھی شامل ہے جس کے باعث کمپنی کو شمالی امریکہ میں اپنی پیداوار معطل کرنی پڑی تھی۔ ٹویوٹا کو بھی اپنی پیداوار کم کرنی پڑی تھی، تاہم یہ کمی محدود نوعیت کی تھی۔ دریں اثناء، امریکہ میں ٹویوٹا کے ہائبرڈ ماڈلوں کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔