ماسکو(صداۓ روس)
روسی سیکیورٹی کونسل کے نائب چیئرمین دیمتری میدویدیف نے خبردار کیا ہے کہ روسی شہریوں کو فی الحال یورپی ممالک کا سفر کرنے سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ یورپ میں روسی شہریوں کے خلاف مہم چلائے جانے کے باعث کوئی بھی شخص گرفتاری کا نشانہ بن سکتا ہے۔ یہ تبصرے مونٹی نیگرو میں ریبار ٹیلی گرام چینل کے ایڈمنسٹریٹر میخائل زوینچک کی گرفتاری کے بعد سامنے آئے ہیں۔ میدویدیف نے سوشل میڈیا پر لکھا: یقیناً ہمارے لوگوں کے لیے یورپی ممالک میں گھومنا احمقانہ ہے، چاہے اچھے ارادوں اور اہم مقاصد کے ساتھ ہی کیوں نہ ہو۔ کوئی بھی روسی ممکنہ طور پر نشانہ بن سکتا ہے۔ نہ ویزے، نہ دعوت نامے اور نہ ہی کوئی اور ضمانتیں تحفظ فراہم کرتی ہیں۔ کسی کو بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے، خاص طور پر اگر وہ مغربی ممالک، یورپی یونین اور بانڈیرا طرز کے نو-نازی حکومت کے بارے میں سچ بولے۔ وہ صرف ‘ریلوکینٹ’ کو خوش آمدید کہتے ہیں — اور وہ بھی عارضی طور پر۔
میدویدیف نے کہا کہ روس کو اب اپنے شہریوں کی رہائی کے لیے تبادلے کے ذخیرے میں یورپی اور امریکی شہریوں کو شامل کر کے اسے بڑھانا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے میکس پلیٹ فارم پر اپنے چینل پر لکھا اب یہ کافی ممکن ہے کہ ہمیں اپنے لوگوں کو نکالنے کے لیے تبادلے کے ذخیرے میں یورپی اور امریکی بیوقوفوں کو شامل کرنا پڑے گا۔ کوئی اور راستہ نہیں: بھیڑیوں کے ساتھ رہتے ہوئے بھیڑیے کی طرح ہونا پڑتا ہے۔