روس مخالف مغربی پابندیاں غیر موثر ہیں، روسی وزیر خارجہ
ماسکو(صداۓ روس)
روسی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ روس مخالف مغربی پابندیاں غیر موثر ہیں. روس کے وزیر خارجہ نے مغرب کی عائد کردہ پابندیوں کو غیر موثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح اقدامات روسی عوام کے عزم میں کوئی خلل نہیں ڈال سکتے۔
ماسکو میں وزارت خارجہ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف کا کہنا تھا کہ کوئی بھی تنبیہ یا پابندی، تاریخی حقائق اور جائزمفادات کے دفاع سے متعلق روسی عوام کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ روس دنیا کے تقریبا سب ہی ممالک کے ساتھ منصفانہ عالمی نظام کے قیام کا خواہاں ہے اور ہم امریکیوں کی طرح نہیں جو اپنے بنائے ہوئے قوانین دوسروں پر زبردستی مسلط کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ روس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری تمامتر تگ و دو اس عالمی ادارے کے منشور کے مطابق ہے جسے دوسری عالمی جنگ کے بعد اقوام متحدہ کی شکل میں قائم کیا گیا ہے۔ سرگئی لاؤروف نے بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ بعض ممالک جو مساوات پر یقین نہیں رکھتے اور دنیا پر حکومت کرنا چاہتے ہیں، اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ دنیا بھر کے ممالک کے درمیان انصاف اور مساوات کے اصولوں کو یکسر تبدیل کر دیا جائے۔
اس سے پہلے روسی ایوان صدر نے اپنے ملک کے خلاف عائد کی جانے والی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے مغرب کی جانب سے شروع کی جانے والی اقتصادی جنگ قرار دیا تھا۔ امریکہ اور مغربی ملکوں نے یوکرین میں روس کے خصوصی فوجی آپریشن کے بعد سے اب تک ماسکو کے خلاف بڑے پیمانے پر اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں اور ان میں مزید اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔