سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ زائرین کے لیے خوشخبری آنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے مطابق حکام نے عازمین کے لیے ریپڈ پی آر سی ٹیسٹ اور ویکسی نیشن کی شرط بھی ختم کردی ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے تصدیق کی ہے کہ دیگر ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین کو سعودی عرب میں داخلے کے لیے منفی پی آر سی ٹیسٹ کے نتائج کی مزید ضرورت نہیں ہوگی، مگر زائرین عمرہ کے لیے کووڈ میڈیکل انشورنس اسکیم حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق زائرین سعودی عرب میں اپنے قیام کے دوران مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ دیگر شہروں کا سفر بھی کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ عمرہ پر آنے والے افراد سعودی عرب میں 90 روز تک قیام کر سکتے ہیں۔