وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور پاکستان میں امریکی سفیر مسٹر ڈونلڈ بلوم نے جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کے دوران موسلادھار بارش سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات سمیت تعلیم اور صحت کے شعبوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور میں USAID کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا۔
امریکی سفیر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ امریکی حکومت نے موجودہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو ایک ملین ڈالر کی نئی گرانٹ کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ 1 ملین ڈالر کا امریکی منصوبہ سندھ، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان صوبوں میں پاکستان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کے ساتھ مل کر سیلاب اور دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیتوں میں اضافہ کرلیے ہے۔
ملاقات میں کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل مارک اسٹروہ ، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب ، قاسم نوید قمر اور رسول بخش چانڈیو موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یو ایس ایڈ کے ذریعے پاکستان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور قدرتی آفات کا سب سے زیادہ شکار سندھ کی کمیونٹیز کے ساتھ کام کرنے کیلئے امریکی حکومت کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا۔