پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 6 جوان شہید
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 6 اہلکار شہید ہوگے ہیں. پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ پاک فوج کا 1 ہیلی کاپٹر گزشتہ شب بلوچستان میں فلائنگ مشن کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں 2 پائلٹس سمیت ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 6 فوجی اہلکار شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے بتایا ہے کہ شہداء میں پائلٹ میجر محمد منیب افضل، پائلٹ میجر خرم شہزاد شامل ہیں۔آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں میں نائیک جلیل، صوبیدار عبدالواحد، سپاہی محمد عمران اور سپاہی شعیب بھی شامل ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ہرنائی میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بلوچستان کے قائم مقام گورنر میر جان محمد جمالی نے بھی پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے پر اظہارِ رنج و غم کیا ہے۔ کوئٹہ سے جاری کیے گئے بیان میں قائم مقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے بلوچستان میں پاک آرمی کا ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
لاہور سے جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے حادثے میں شہید ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔