ہومانٹرنیشنلہندوستان سے 41 کینیڈین سفارت کار واپس روانہ، کینیڈین وزیر خارجہ...

ہندوستان سے 41 کینیڈین سفارت کار واپس روانہ، کینیڈین وزیر خارجہ برہم

اوٹاوا (انٹرنیشنل ڈیسک)

کینیڈا نے ہندوستان سے اپنے 41 سفارت کار واپس بلالئے اور بنگلورو، چنڈی گڑھ اور ممبئی میں اس نے ویزا سروس بند کردی ہے۔ ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق کینیڈا نے ہندوستان سے اپنے 41 سفارت کار اور ان کے اہل خانہ کو واپس بلا لیا۔ اطلاعات کے مطابق کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی نے بتایا کہ کینیڈا نے ہندوستان سے اپنے 41 سفارت کار اور ان کے اہل خانہ کو واپس بلا لیا ہے۔

ہندوستان نے کچھ دن پہلے کینیڈا سے اپنے 21 سفارت کاروں کو واپس بلانے کے لئے کہا تھا اور 20 اکتوبر تک کا وقت اس کے لئے دیا تھا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق کینیڈا کے 41 سفارت کاروں کے ہندوستان سے واپس جانے پر کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ سفارت کاروں کو سیکورٹی دینی چاہئے تھی، نہ کہ اس طرح الٹی میٹم۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ بنگلورو، چنڈی گڑھ اور ممبئی میں واقع اپنے قونصل خانوں کی ویزا اور انفرادی خدمات روکنی پڑیں گی۔

رپورٹ کے مطابق کینیڈا نے مذکورہ تینوں شہروں میں ویزا سروس کو عارضی طور پر معطل کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ معطلی عارضی ہے اور ویزے کے خواہش مند افراد کو اب دہلی جانا پڑے گا۔

واضح رہے کہ ایک خالصتانی حامی ہردیپ سنگھ نجر کو گزشتہ 18 جون کو کینیڈا میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا اور کینیڈا نے ہندوستان پر اس قتل میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی۔ ہندوستان نے کینیڈا کے اس الزام کی سختی سے تردید کی تھی۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں