امریکہ عالمی سطح پر تنہائی کا شکار، ایران
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ امریکی حکومت نے ظاہر کر دیا ہے کہ وہ عالمی برادری کے مقابلے میں تنہا کھڑی ہے اور اسے اسرائیلی حکومت کی حمایت میں تنہائی کا شکار ہونے کی بھی پرواہ نہیں ہے۔ امریکہ نے ویٹو کے ذریعے ثابت کر دیا ہے کہ اس نے نہ صرف جنگ بندی کےحق میں ووٹ نہیں دیا بلکہ فلسطین کی مظلوم قوم پر مظالم کا سلسلہ جاری رہنے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اس حساس مرحلے میں جنگ کی روک تھام اور بین الاقوامی امن قائم کرنے پر مبنی اپنی ذمےداری پوری نہیں کر سکی ہے۔ ناصرکنعانی نے مزید کہا کہ سالہا سال سے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں اصلاحات کا مسئلہ اٹھایا جا رہا ہے اور ہمارا خیال ہے کہ سلامتی کونسل کی ساخت زیادہ جمہوری ہونی چاہئے اور بین الاقوامی امن کے قیام کے سلسلے میں اس کونسل کو زیادہ کارگر ہونا چاہئے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایٹمی معاہدہ نمبر دو کا آئيڈیا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے نظریات ان لوگوں کی جانب سے پیش کئے جاتے ہیں جنہوں نے اپنےعہد کی پابندی نہیں کی اور ایران کو کسی دوسرے ایٹمی معاہدے کی ضرورت نہیں ہے۔
ناصر کنعانی نے مزید کہا کہ صرف ایران نے جامع ایٹمی معاہدے کی بنیاد پر اپنے عہد کو پورا کیا ہے اور جنہوں نے اپنےعہد اور ذمےداریوں کو پورا نہیں کیا انہیں اصل مسئلے سےتوجہ ہٹانے والے ایٹمی معاہدہ نمبر دو سمیت کسی بھی موضوع پر بات کرنے کا حق حاصل نہیں ہے۔