روسی صدر نے بریکس سربراہان مملکت اجلاس کا باقاعدہ آغاز کردیا
ماسکو : اشتیاق ہمدانی
بریکس سربراہی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے روسی صدر ولادیمیر پوتن نے قازان میں 10 رکنی اجلاس کا آغاز کردیا ۔ توقع ہے کہ روسی رہنما کے افتتاحی خطاب کے بعد بند کمرے کی میٹنگ ہوگی۔ بعد ازاں بدھ کو دس بریکس رہنما اپنے وفود کے ساتھ ایک توسیعی میٹنگ میں شامل ہوں گے جس میں میڈیا کو بھی رسائی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ صدر پوتن بدھ کو غیر ملکی رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہوں کے ساتھ مزید دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ روسی صدر جمعرات کو بریکس سربراہی اجلاس کے اختتامی مراحل میں داخل ہونے کے بعد صحافیوں سے بات کریں گے۔
یاد رہے اس سے قبل روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے منگل کو اپنے سالانہ اجتماع میں کہا تھا کہ بریکس کے اراکین ممالک کی اس اجلاس کے دوران تعاون کو مضبوط اور بہتر بنانے کے لیے کئی اہم مسائل پر فیصلوں تک پہنچنے کی توقع ہے۔ انہوں نے یہ ریمارکس بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے دوران کہے جو 16ویں برکس سربراہی اجلاس میں بھی شریک ہیں۔