مغربی ایشیا میں امریکہ کا مزید فوج بھیجنے کا اعلان
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
مغربی ایشیا میں اسرائیلی حکومت کی جارحیتوں کے نتیجے میں بحران میں شدت آنے کے ساتھ ہی امریکا نے اس خطے میں اپنی فوجی نفری بڑھانے کا اعلان کردیا ہے۔ پینٹاگون کے ترجمان پیٹ رائڈر نے کہا ہے کہ امریکی وزیر دفاع لوئڈ آسٹن نے مشرق میں مزید فوج بھیجنے کے احکامات صادر کردیئے ہیں۔ امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کے ترجمان کے حوالے سے رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ امریکی فوج ایک طیارہ بردار بحری بیڑہ اور کئی جنگی بحری جہاز مشرق وسطی روانہ کر رہی ہے۔
اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی وزارت دفاع پینٹاگون، اسی کے ساتھ متعدد بمبار اور جنگی طیارے بھی مشرق وسطی روانہ کر رہی ہے۔ پینٹاگون کے ترجمان پیٹ رائڈر نے بتایا ہے کہ امریکی وزیر دفاع لوئڈ آسٹن نے متعدد بی باون بمبار طیاروں کے علاوہ جنگی طیاروں کا ایک اسکواڈرن، نیز فیولنگ انجام دینے والے متعدد طیاروں کی مشرق وسطی روانگی کے احکامات صادر کردیئے ہیں۔