جنوبی کوریا کے صدر نے ملک میں مارشل لا نافذ کردیا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
جنوبی کوریا کے صدر نے ملک میں مارشل لا کے نفاذ کا اعلان کردیا۔ جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی ریاست مخالف سرگرمیوں کے باعث مارشل لا نافذ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریاکی طرف جھکاؤ رکھنے والی اپوزیشن پارلیمنٹ پر قابض تھی۔ جنوبی کوریا کے صدر نے پارلیمنٹ میں اکثریت رکھنے والی اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے حالیہ اقدامات کو اس فیصلے کا محرک قرار دیا جس نے حکومتی بجٹ کو مسترد کر دیا تھا اور ملک کے چند اعلیٰ پراسیکیوٹرز کے مواخذے کی تحریک پیش کی تھی۔
جنوبی کوریا کی خبررساں ایجنسی کے مطابق اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ نے مارشل لا کے نفاذ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ اس فیصلے کو منسوخ کردے گی۔ دوسری جانب خبررساں ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پولیس نے جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ کے داخلی راستے بند کردیے ہیں اور اراکین کو پارلیمنٹ میں داخلے سے روک دیا گیا ہے۔