نئے چینی سال کی مناسبت سے ماسکو میٹرو کی جانب سے تھیم ٹرین کا آغاز
ماسکو : (اشتیاق ہمدانی)
روس کے دارالحکومت ماسکو میں چینی نئے سال کی مناسبت سے مخصوص تھیم والی ٹرین چلائی گئی ہے ، یہ ٹرین اربٹسکو-پوکروسکایا میٹرو لائن پر چلائی گئی ہے۔ روسیچ ماڈل ٹرین کو چین کے روایتی سرخ رنگ میں سجایا گیا ہے، اور اندر سے مسافر اپنے وطن میں چینی نئے سال کی تقریبات کی تصاویر دیکھ سکیں گے۔ افتتاحی تقریب کے کچھ گھنٹوں میں، ماسکو میٹرو کی نیلی لائن کے مسافر اس پر خصوصی ٹرین پر سوار ہو سکیں گے، اور یہ ٹرین تقریباً ایک ماہ تک چلے گی۔
ٹریک پر سب سے پہلے چلنے والی ٹرین پر روس چین دوستی کی علامت کے طور پر دونوں ممالک کے جھنڈوں کو سجایا گیا ہے، جبکہ ایک سنہری ڈریگن کاروں کے اطراف میں دکھایا گیا ہے، اور سرخ سانپ دروازوں پر عیاں ہیں۔سانپ چین میں اس سال کی زوڈیک علامت ہے، روسی اور چینی ماہرین نے ٹرین کے ڈیزائن میں حصہ لیا۔
لائن پر جانے سے پہلے روسی وزارت خارجہ کی سرکاری نمائندہ ماریا زاخارووا، ماسکو کے ڈپٹی میئر برائے ٹرانسپورٹ اینڈ انڈسٹری میکسم لکسوتو اور ماسکو میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر ژانگ ہنہوئی نے ٹرین کا معائنہ کیا، جبکہ اس موقع پر چیف ایڈیٹر صداۓ روس اشتیاق ہمدانی بھی موجود تھے.
سرکاری نمائندہ ماریا زاخارووا نے کہا کہ ماسکو میٹرو دنیا بھر میں اس لیے مشہور ہے کہ یہ ہمارے ملک کے فن تعمیر، تاریخ، ثقافت اور فن کی ایک یادگار ہے، لیکن ہماری میٹرو کو خاص طور پر چین میں بہت پسند کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس آنے والے تمام چینی سیاح، مہمان اور تاجروں سمیت سرکاری عہدیدار جو دارالحکومت ماسکو اور دوسرے شہروں میں آتے ہیں، ہمیشہ وہ اسٹیشن دکھانے کے لیے کہتے ہیں جو دنیا کے مشہور ہیں اور نہ صرف ہمارے ملک کا تاریخی ورثہ بن چکے ہیں، لیکن پوری دنیا کیلئے ورثہ کی حثیت رکھتے ہیں.
چین کے سفیر ژانگ ہنہوئی نے ماسکو میٹرو کو آرٹ کا ایک زیر زمین محل قرار دیتے ہوئے کہا اس کے اسٹیشن اپنے فنکارانہ ڈیزائن کی وجہ سے پوری دنیا میں منفرد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی موسم بہار کے تہوار کے عناصر سے مزین یہ ٹرین دنیا بھر سے ماسکوائٹس اور سیاحوں کی توجہ مبذول کرے گی۔
سفیر نے مزید کہا کہ ماسکو میں رہنے والے چینی باشندے اس شاندار تہوار کی ثقافت کو نئے انداز میں منا سکیں گے، خوش قسمتی کو بانٹ سکیں گے جو اس سے چینی عوام کو ملتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج نئے قمری سال کے بالکل آغاز پر، آئیے ہم اس ٹرین میں سوار ہوں، جو چین اور روس کے درمیان صدیوں پرانی دوستی کی علامت ہے، اور اپنے دوطرفہ تعلقات کے روشن مستقبل کی طرف بڑھیں.
ڈپٹی میئر برائے ٹرانسپورٹ اینڈ انڈسٹری میکسم لکسوتو نے اطلاع دی کہ تقریباً 250,000 ماسکو کے شہری اور دارالحکومت کے مہمان تھیم والی ٹرین دیکھیں گے اور چینی ثقافت اور چینی نئے سال کو منانے کی روایات کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرین اربٹسکو-پوکروسکایا لائن کے ساتھ تقریباً ایک ماہ تک چلے گی۔