ساہیوال: پسند کی شادی سے انکار پر نوجوان نے 19 سالہ لڑکی کو قتل کر دیا
ساہیوال(صداۓ روس)
ساہیوال کے علاقے محلہ نور پارک میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان لڑکی کو پسند کی شادی سے انکار کرنے پر قتل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 19 سالہ علیشبا اپنے کزن کے گھر جانے کے لیے رکشے پر پہنچی تھی کہ گھر کے باہر ایک نوجوان، عمران، نے اسے گولی مار دی۔ گولی لگنے کے بعد لڑکی کو شدید زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکی۔
واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس تھانہ غلہ منڈی نے مقتولہ کے اہل خانہ کی مدعیت میں ملزم عمران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق عمران، علیشبا سے شادی کرنا چاہتا تھا، لیکن لڑکی اور اس کی والدہ نے اس رشتے سے انکار کر دیا تھا۔ اس انکار پر ملزم نے غصے میں آ کر علیشبا کی جان لے لی۔
پولیس کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈیڈ ہاؤس منتقل کر دیا گیا ہے، اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جلد از جلد ملزم کو گرفتار کر کے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔