اٹلی نے یوکرین میں فوج بھیجنے کی برطانوی تجویز مسترد کردی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
فرانس اور برطانیہ کی جانب سے کیف اور ماسکو کے درمیان حتمی جنگ بندی کے لیے امن فوجی دستے بھیجنے کی تجویز کے بعد اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے یوکرین میں فوجیوں کی تعیناتی کے خیال کو مسترد کر دیا ہے۔ اس ہفتے برسلز میں یوکرین کے تنازع پر بات چیت کی توقع کی جانے والی یورپی کونسل کے اجلاس سے پہلے میلونی نے منگل کے روز اطالوی پارلیمنٹ کے ایوان بالا سے خطاب کے دوران اپنی مخالفت کا اظہار کیا.
فرانس اور برطانیہ “رضامند ممالک کا اتحاد” بنانے کی کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں جو یوکرین میں فوجی دستے بھیجنا چاہتے ہیں، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے تجویز دی ہے کہ ہر ملک کے چند ہزار فوجی یوکرین کے اہم مقامات پر تعینات کیے جائیں گے۔ میلونی نے کہا کہ اطالوی حکومت اس تجویز کا احترام کرتی ہے لیکن اس پر “قائل” نہیں ہے اور نہ ہی اپنے ملک کے فوجی یوکرین بھیجے گی۔ میلونی نے سینیٹ کو بتایا کہ یوکرین میں اطالوی فوجیوں کو بھیجنا ایک ایسا موضوع ہے جو کبھی بھی ایجنڈے میں شامل نہیں تھا۔