روس یوکرین مذاکرات کا دوسرا دور استنبول میں جاری
ماسکو (صداۓ روس)
روس اور یوکرین کے درمیان امن مذاکرات کا دوسرا دور ترکی کے تاریخی شہر استنبول کے شراگان پیلس میں جاری ہے۔ روسی وفد کی قیادت صدر ولادیمیر پوتن کے مشیر ولادیمیر میڈنسکی کر رہے ہیں، جب کہ وفد میں نائب وزیر خارجہ میخائل گالوزن، ملٹری انٹیلی جنس (جی آر یو) کے سربراہ ایگور کوستیوکوو اور نائب وزیر دفاع الیگزینڈر فومین شامل ہیں۔
یوکرین نے کئی دنوں کی خاموشی کے بعد مذاکرات میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔ اس بار یوکرینی وفد میں دو افراد کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اراکین کی تعداد 14 ہو گئی ہے۔ نئے شامل ہونے والوں میں جنرل اسٹاف کے نائب سربراہ یووین اوسٹریانسکی، جنرل اسٹاف کے افسر آندری فومین اور یوکرینی پارلیمنٹ (ورخوونا رادا) کے نمائندے یوری کوباسا شامل ہیں۔ تاہم گزشتہ ماہ کے مذاکرات میں شامل اولییکسی مالوواتسکی اس بار وفد کا حصہ نہیں ہیں۔ یوکرینی وفد کی قیادت وزیر دفاع رستم اومیروف کر رہے ہیں۔ یہ مذاکرات روس یوکرین جنگ کے حل کے لیے جاری سفارتی کوششوں کا اہم حصہ سمجھے جا رہے ہیں۔