اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

روس میں بچوں سے محروم جوڑوں کیلئے رات کے وقت انٹرنیٹ بند کرنے کی تجویز

Russian Couple

روس میں بچوں سے محروم جوڑوں کیلئے رات کے وقت انٹرنیٹ بند کرنے کی تجویز

ماسکو (صداۓ روس)
روس کے علاقے بریانسک کے علاقائی پارلیمنٹ کے رکن میخائل ایوانوف نے تجویز دی ہے کہ ملک میں کم ہوتی پیدائش کی شرح کو بڑھانے کے لیے ان جوڑوں کو، جن کے ہاں بچے نہیں ہیں، رات کے وقت انٹرنیٹ کی سہولت سے محروم کر دیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل حقیقت پر مبنی تعلقات کے بجائے رات بھر انٹرنیٹ پر وقت گزار رہی ہے جو خاندان کی بنیادوں کو کھوکھلا کر رہا ہے اور ملکی آبادیاتی تحفظ کے لیے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔

ایوانوف، جو کہ آرتھوڈوکس روس تحریک کے سربراہ بھی ہیں، کا کہنا ہے کہ نوجوان طویل وقت تک موبائل فیڈز سکرول کرتے ہیں، کھیلتے ہیں یا ٹی وی ڈرامے دیکھتے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت، تعلق بنانے اور والدین بننے کے بارے میں سوچنے سے گریز کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات پیدا کیے جانے چاہییں جو نوجوان جوڑوں کو حقیقت پسندانہ تعلقات کی طرف لوٹنے اور شعوری طور پر بچوں کی منصوبہ بندی کی ترغیب دیں۔

انہوں نے “رضاکارانہ تجربے” کی تجویز دی جس میں انٹرنیٹ فراہم کرنے والے ادارے، سماجی خدمات اور خاندانی ماہرین نفسیات شامل ہوں تاکہ نوجوان جوڑوں میں حقیقی رابطے اور خاندان بنانے کی اہمیت اجاگر کی جا سکے۔

روس کی سرکاری شماریاتی ایجنسی کے مطابق ۲۰۲۴ میں ملک میں پیدائشوں کی تعداد ۱۲ لاکھ ۲۰ ہزار رہی، جو کہ ۲۰۲۳ کے مقابلے میں ۳.۴ فیصد کم ہے اور ۱۹۹۹ کے بعد بدترین سال رہا۔ دیگر تجاویز میں سوویت دور کا “بچوں کے بغیر ٹیکس” دوبارہ نافذ کرنا، اسقاط حمل پر پابندی، ملازمین کے بچوں کی نگرانی، قیدی خواتین کی رہائی کے بدلے بچے پیدا کرنے کی شرط، اور گرمیوں میں خواتین کو منی سکرٹ پہننے کی ترغیب دینا شامل ہیں۔ ان تجاویز پر عوامی رائے ملی جلی رہی ہے۔

ریاستی ڈوما کی فیملی، خواتین اور بچوں کی کمیٹی کی سربراہ نینا اوسٹانینا نے خبردار کیا ہے کہ ایسے خیالات جو عوام کو توہین آمیز لگیں، انہیں فروغ دینا خطرناک ہو سکتا ہے۔ادھر مغربی محققین کی حالیہ رپورٹوں میں اس بات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ پیدائش کی گرتی شرح کا تعلق روزمرہ زندگی میں انٹرنیٹ اور ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے کردار سے ہو سکتا ہے۔

Share it :