اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

پاکستان کی ویتنام کو سمندری خوراک کی برآمدات میں اضافہ

Seafoods

پاکستان کی ویتنام کو سمندری خوراک کی برآمدات میں اضافہ

اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان اور ویتنام نے حلال سمندری خوراک کی صنعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے ویتنام کے پاکستان میں سفیر فام آن توان، پاکستان فشریز ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندگان، پانگاشیئس مچھلی کے درآمد کنندگان اور میرین فشریز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر منصور علی وسن کے درمیان اہم ملاقات منعقد ہوئی۔ ڈاکٹر وسن نے شرکاء کو بتایا کہ سال 2024 میں پاکستان کی ویت نام کو سمندری خوراک کی برآمدات 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ برس کی نسبت 20 فیصد زیادہ ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی آبی کاشتکاری اور حلال سرٹیفائیڈ پروسیسنگ کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں پر بھی روشنی ڈالی۔

ڈاکٹر وسن نے کہا کہ پالیسی کوآرڈینیشن، تجارتی سہولت کاری اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی خصوصاً کولڈ چین سسٹمز اور حلال سرٹیفیکیشن میں تسلسل کے ساتھ کوششوں سے پاکستان ویتنام کو اپنی برآمدات کے حجم میں پیچھے چھوڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق آئندہ پانچ برسوں میں سالانہ 2 کروڑ 50 لاکھ سے 3 کروڑ ڈالر کی برآمدات کا ہدف حقیقت پسندانہ ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی میرین ایکسپورٹس کو متنوع بنانے کے لیے اسٹریٹجک طور پر مفید بھی ہے۔ اس موقع پر ویتنامی سفیر فام آن توان نے دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان ضابطہ جاتی ہم آہنگی اور تکنیکی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان کو حلال معیار کے تحت سمندری خوراک کی برآمدات جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ ڈاکٹر وسن نے پاکستان کی ماہی گیری اور آبی کاشتکاری کی صنعت کو مزید ترقی دینے کے لیے ویتنام کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون بڑھانے کی تیاری ظاہر کی اور کہا کہ اس شعبے میں ویتنام کی کامیابی پاکستان کے لیے ایک اہم ماڈل ثابت ہو سکتی ہے۔

پاکستان فشریز ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن عاصم ابرار نے کہا کہ پاکستان گزشتہ چار دہائیوں سے کچا سمندری خوراک برآمد کر رہا ہے، تاہم اب جھینگا فارمنگ سمیت ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں پیش رفت ہو رہی ہے، جس میں ویتنام کی کامیاب مثالوں سے رہنمائی لی جا رہی ہے-

Share it :