ویرات کوہلی کی نصف سنچریوں کا ریکارڈ بھی بابر اعظم کے قدموں میں
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے دھماکے دار واپسی کرتے ہوئے دو دن کے اندر بھارت کے دو بڑے بیٹرز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد مداحوں کو بڑی اننگز کی امید تھی، جو بالآخر پوری ہوگئی۔ دوسرے ٹی20 میں بابر اعظم نے 11 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کر روہت شرما سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ روہت شرما نے 151 اننگز میں 4231 رنز بنائے تھے، جب کہ بابر اعظم نے صرف 123 اننگز میں 4232 رنز مکمل کرلیے۔ تیسرے میچ میں بابر اعظم نے شاندار 68 رنز کی اننگز کھیلی، اپنی 40 ویں نصف سنچری محض 36 گیندوں پر مکمل کی، اور یوں انہوں نے ویرات کوہلی سے بھی نصف سنچریوں کا ریکارڈ چھین لیا۔ کوہلی نے ٹی20 کرکٹ میں 117 اننگز میں 39 نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔ بابراعظم کی اس شاندار کارکردگی کے ساتھ نہ صرف پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ اور سیریز اپنے نام کی بلکہ مداحوں کو ایک بار پھر ان کی بلے بازی کے جادو کا مزہ بھی ملا۔