بھارت نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر پہلی مرتبہ ویمن کرکٹ ورلڈ کپ جیت لیا

Indian Cricket team Indian Cricket team

بھارت نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر پہلی مرتبہ ویمن کرکٹ ورلڈ کپ جیت لیا

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
بھارت نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر پہلی مرتبہ ویمن کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ فائنل میچ میں بھارتی خواتین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 53 رنز سے شکست دی۔ میچ کی شروعات بارش کے باعث دو گھنٹے تاخیر سے ہوئی، تاہم اوورز میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، جو بعد میں غلط ثابت ہوا۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے شفالی ورما نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 87 رنز بنائے، جبکہ دپتی شرما نے 58 اور سمرتی مندھانا نے 45 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں۔ ریچا گھوش نے بھی 34 رنز کا مفید اضافہ کیا۔ جنوبی افریقہ کی ایابونگا کھاکا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 45.3 اوورز میں 245 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان لورا وولوارٹ کی 101 رنز کی سنچری کے باوجود ٹیم ہدف حاصل نہ کرسکی۔ بھارت کی شاندار فیلڈنگ اور نپی تُلی باؤلنگ نے پروٹیز کو دباؤ میں رکھا۔

واضح رہے کہ بھارتی خواتین کی ٹیم اس سے قبل دو مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں پہنچی تھی مگر دونوں بار شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے تاریخ میں پہلی بار فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ بھارت کی اس کامیابی کو ملک بھر میں تاریخی لمحہ قرار دیا جا رہا ہے، اور کھلاڑیوں کے اعزاز میں جشن منانے کی تیاریاں جاری ہیں۔

Advertisement