روس کا سو-75 چیک میٹ طیارہ زمینی آزمائشوں کے قریب
ماسکو(صداۓ روس)
روسی اسٹیٹ کارپوریشن روسٹیک کے سربراہ سرگئی چی میزوف نے دبئی ایئرشو 2025 کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ روس کا نیا پانچویں نسل کا ہلکا اسٹیلتھ لڑاکا طیارہ سو-75 چیک میٹ بہت جلد بَینچ ٹیسٹ (زمینی آزمائشوں) کے مرحلے میں داخل ہونے والا ہے۔ چی میزوف نے کہا کہ نئے جنگی طیارے کی تیاری ایک طویل عمل ہے جو عموماً 10 سے 15 سال پر محیط ہوتا ہے، اس لیے ابھی تک کم وقت گزرا ہے۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا جہاز اتنی جلدی پیدا نہیں ہوتے، بچے تو نو ماہ میں پیدا ہوجاتے ہیں، ہمارا تو تقریباً پرواز کے مرحلے تک پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ سو-75 اب باضابطہ طور پر زمینی آزمائشوں کی طرف منتقل ہونے والا ہے، جس کے بعد حتمی فلائٹ ٹیسٹ کی راہ ہموار ہوگی۔
روسٹیک چیف کے مطابق “چیک میٹ” کی مارکیٹ میں مستقبل میں بڑی مانگ ہوگی کیونکہ یہ واحد انجن کے ساتھ نسبتاً سستا، موثر اور جدید طیارہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کی ہتھیاروں کی صلاحیت اتنی ہے کہ یہ فضائی اہداف کے ساتھ ساتھ زمینی اہداف کو بھی موثر طریقے سے نشانہ بنا سکے گا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کارکردگی، قیمت اور معیار کے لحاظ سے یہ طیارہ عالمی منڈی میں ایک بہترین آپشن بن سکتا ہے۔