دبئی ایئر شو میں بھارتی جنگی طیارہ تیجاس گر کر تباہ ، پائلٹ ہلاک
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
متحدہ عرب امارات میں جاری دبئی ایئر شو کے دوران بھارتی فضائیہ کا ایک تیجاس جنگی طیارہ جمعہ 21 نومبر کی سہ پہر مظاہرے کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثہ مقامی وقت کے مطابق 2 بج کر 10 منٹ پر پیش آیا۔ ویڈیو فوٹیجز کے مطابق، طیارے میں سوار پائلٹ نے کریش سے چند لمحے قبل ایجیکشن کی کوشش ضرور کی، مگر بظاہر وہ بروقت طیارے سے باہر نکلنے میں ناکام رہا، جس سے اس کی موت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم اماراتی حکام نے تاحال سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی۔
نیوز ایجنسی اے پی (Associated Press) کے مطابق، تباہ ہونے والا طیارہ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (HAL) کا تیار کردہ تیجاس (Tejas) ماڈل تھا، جو بھارتی ایئر فورس کے بیڑے کا حصہ ہے۔ طیارہ دبئی ایئر شو میں بھارت کی جانب سے پیش کیے گئے مظاہرے میں شریک تھا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طیارہ ایک معمولی کرتب کے دوران اچانک نیچے کی طرف جھکا اور کچھ ہی لمحوں میں زمین سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔ حادثے کے بعد ایئر شو کے مقام پر ہنگامی ٹیمیں پہنچی جنہوں نے آگ بجھانے اور ممکنہ زخمیوں تک رسائی کی کوشش کی۔ بھارتی فضائیہ یا اماراتی حکام کی جانب سے حادثے کی تحقیقات کے سلسلے میں ابھی کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔ اس حادثے کے نتیجے میں پائلٹ کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں.