روسی تجارتی وفد کی پاکستانی سفیر فیصل ایاز ترمذی سے ملاقات، دوطرفہ تجارتی تعاون کے فروغ پر اتفاق

روسی تجارتی وفد کی پاکستانی سفیر فیصل ایاز ترمذی سے ملاقات، دوطرفہ تجارتی تعاون کے فروغ پر اتفاق

ماسکو (اشتیاق ہمدانی)
پاکستان کی تیسری بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش فوڈ ایگ 2025 میں شرکت کرنے والے روسی تجارتی وفد نے سفارت خانہ پاکستان ماسکو میں پاکستان کے سفیر فیصل ایاز ترمذی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملاقاتی وفد کی قیادت سفارت خانہ پاکستان ماسکو میں تعینات ٹریڈ منسٹر شبانہ ممتاز نے کی، جبکہ روسی تجارتی و کاروباری حلقوں کے نمائندگان بھی وفد میں شامل تھے۔ ملاقات کے دوران روسی وفد نے فوڈ ایگ 2025 کے موقع پر سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے کیے گئے بہترین انتظامات کو سراہا اور پاکستان و روس کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ فریقین نے زرعی اور فوڈ مصنوعات کے شعبے میں باہمی تعاون، براہِ راست تجارتی روابط کے قیام اور پاکستانی مصنوعات کی روسی منڈی تک رسائی بڑھانے پر اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ فوڈ ایگ 2025 کا انعقاد 25 سے 27 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں کامیابی کے ساتھ ہوا، جس میں پاکستانی فوڈ اور زرعی مصنوعات کو عالمی خریداروں کے سامنے پیش کیا گیا اور نمایاں تجارتی پیش رفت ریکارڈ کی گئی۔ نمائش میں مختلف ممالک سے آنے والے بین الاقوامی خریداروں اور درآمد کنندگان نے شرکت کی، جس سے پاکستان کی فوڈ برآمدات کو فروغ ملا۔

ملاقات کے اختتام پر سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے کیے گئے بہترین انتظامات کے اعتراف میں ہاشمی گروپ آف کمپنیز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آصف ہاشمی نے پاکستان کے سفیر فیصل ایاز ترمذی اور ٹریڈ منسٹر شبانہ ممتاز کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ اس اقدام کو پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی تعاون، باہمی اعتماد اور نجی و سرکاری شعبوں کے مابین مضبوط روابط کی علامت قرار دیا گیا۔ آخر میں اس بات پر زور دیا گیا کہ فوڈ ایگ جیسے بین الاقوامی ایونٹس پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور مستقبل میں بھی اس نوعیت کے روابط کو فروغ دیا جائے گا۔

Advertisement