روس میں اجرتوں میں نمایاں اضافہ، بے روزگاری تاریخی کم ترین سطح پر، صدر پوتن
ماسکو (اشتیاق ہمدانی)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ روس میں حقیقی اجرتوں میں 4.5 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ بے روزگاری کی شرح کم ہو کر تاریخی سطح 2.2 فیصد پر آ گئی ہے۔
صدر پوتن نے یہ بات 19 دسمبر کو اپنے سالانہ پروگرام ’’نتائجِ سال‘‘ کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت حقیقی اجرتوں کی رفتار کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے، یعنی افراطِ زر کو مدِنظر رکھتے ہوئے شہریوں کی آمدنی میں 4.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ روسی صدر نے مزید کہا کہ روزگار کی صورتحال نہایت مستحکم ہے اور بے روزگاری کی شرح ملکی تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ ان کے مطابق شہریوں کی آمدنی میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس کا مقصد عوامی فلاح اور سماجی تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔ صدر پوتن نے 11 دسمبر کو بھی اس امر پر زور دیا تھا کہ عوامی شعبے کی تنخواہوں میں اضافہ، پنشن میں بہتری اور غربت میں کمی حکومت کی سماجی پالیسی کا مرکزی حصہ ہیں، جن پر وفاقی، علاقائی اور مقامی سطح پر عمل درآمد جاری ہے۔ واضح رہے کہ 2025 کے لیے صدر کے براہِ راست سوال و جواب کے سیشن کو میڈیا کانفرنس کے ساتھ یکجا کیا گیا ہے، جس کے تحت صدر اندرونی معاملات کے ساتھ ساتھ قومی اور عالمی امور پر بھی اپنا مؤقف پیش کرتے ہیں۔ یہ پروگرام 2001 سے منعقد کیا جا رہا ہے اور یہ چوتھا موقع ہے کہ اسے پریس کانفرنس کے ساتھ مشترکہ طور پر منعقد کیا گیا۔