صدر ولادیمیر پوتن کا نئے سال پر قوم سے خطاب، عوام اور فوج کو خصوصی پیغام

Putin Putin

صدر ولادیمیر پوتن کا نئے سال پر قوم سے خطاب، عوام اور فوج کو خصوصی پیغام

ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کریملن سے اپنا روایتی نئے سال کا خطاب قوم سے کیا، جو سب سے پہلے روس کے مشرقی ترین علاقوں کامچاٹکا اور چوکوتکا میں نشر کیا گیا، جہاں اس وقت نئے سال کا آغاز ہو چکا تھا۔ مقامی وقت کے مطابق نصف شب سے قبل یہ خطاب روس کے دیگر تمام ٹائم زونز میں بھی نشر کیا جائے گا۔ روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق، صدر پوتن نے اپنے خطاب میں قوم سے براہِ راست مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ روس کے تمام باشندے اپنی منصوبہ بندی اور امیدوں کو مادرِ وطن سے جوڑتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہر فرد کے اپنے ذاتی اور منفرد منصوبے ہوتے ہیں، تاہم وہ سب روس کے مقدر اور اس کی خدمت کی خواہش سے جڑے ہوتے ہیں۔ صدر پوتن نے زور دے کر کہا کہ روسی عوام ایک قوم کی حیثیت سے متحد ہیں۔ صدر پوتن نے اپنے خطاب میں خصوصی طور پر خصوصی فوجی آپریشن میں شریک فوجیوں اور کمانڈرز کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ روسی قیادت اور عوام کو اپنے فوجیوں پر مکمل یقین ہے اور فتح پر اعتماد ہے۔ صدر پوتن کے مطابق فوجیوں نے اپنے وطن، سچائی اور انصاف کے لیے لڑنے کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر اٹھائی ہے، اور اس موقع پر پورا ملک ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال کی اس رات لاکھوں روسی شہری فوجیوں کے بارے میں سوچ رہے ہیں، ان کے لیے فکرمند ہیں اور ان سے امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہیں۔

روسی صدر نے قومی اتحاد کو ملک کی خودمختاری، سلامتی اور مستقبل کی بنیاد قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ روس کی طاقت اس کے عوام کے اتحاد میں ہے، اور یہی اتحاد ملک کے تحفظ، ترقی اور آنے والے کل کا تعین کرتا ہے۔ خطاب کے اختتام پر صدر ولادیمیر پوتن نے روسی عوام کے لیے صحت، خوشی، باہمی ہم آہنگی، خوشحالی اور محبت کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ محبت وہ جذبہ ہے جو انسان کو حوصلہ اور تحریک فراہم کرتا ہے۔

Advertisement