سال 2025ء میں یوکرین کو تقریباً بیس جنگی طیاروں کا نقصان، روسی وزارتِ دفاع
ماسکو (صداۓ روس)
روسی خبر رساں ادارے تاس (TASS) کی جانب سے روسی وزارتِ دفاع کی رپورٹس کی بنیاد پر کیے گئے تخمینے کے مطابق سال 2025ء کے دوران یوکرین کو تقریباً بیس جنگی طیاروں کا نقصان اٹھانا پڑا، جن میں ایک امریکی ساختہ ایف-16 فائٹر جیٹ بھی شامل ہے۔ یہ طیارے روسی فضائی دفاع اور ایرو اسپیس فورسز کی کارروائیوں کے نتیجے میں تباہ ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس یوکرینی فضائیہ کے کم از کم آٹھ سوخو-27 (Su-27) اور دس مگ-29 (MiG-29) طیارے بھی تباہ کیے گئے۔ ان نقصانات کو یوکرین کی فضائی صلاحیت کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب کیف مغربی ممالک سے جدید جنگی طیاروں کی فراہمی کے ذریعے اپنی فضائی طاقت بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری 2026ء تک یوکرینی فوج مجموعی طور پر 670 جنگی طیارے اور 283 ہیلی کاپٹرز کھو چکی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یوکرین کی فضائی قوت کا بڑا حصہ 2022ء اور 2023ء میں، یعنی خصوصی فوجی آپریشن کے ابتدائی دو برسوں کے دوران، روسی افواج کی کارروائیوں میں تباہ ہوا تھا۔ ماہرین کے مطابق مسلسل فضائی نقصانات یوکرینی فوج کی دفاعی اور جارحانہ صلاحیتوں پر گہرے اثرات مرتب کر رہے ہیں، جبکہ روسی فضائی دفاعی نظام کی مؤثریت ایک بار پھر نمایاں ہوئی ہے۔