روس میں غیر قانونی تارکینِ وطن کو ملازمت دینے پر سزائیں سخت کرنے کا فیصلہ

Moscow police checking immigrants Moscow police checking immigrants

روس میں غیر قانونی تارکینِ وطن کو ملازمت دینے پر سزائیں سخت کرنے کا فیصلہ

ماسکو (صداۓ روس)
روسی حکومت نے غیر قانونی تارکینِ وطن کو ملازمت دینے والے آجروں کے خلاف سزاؤں میں نمایاں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق جون 2026 تک ایسی ترامیم تیار کر کے پارلیمنٹ میں پیش کی جائیں گی جن کے تحت آجر کی ذمہ داری اور قانونی جوابدہی کو مزید سخت کیا جائے گا۔ یہ ترامیم روس میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی تعداد کم کرنے کے لیے متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ اس قانون سازی پر کام روس کی وزارتِ داخلہ اور فیڈرل سیکیورٹی سروس (ایف ایس بی) کے نمائندے مشترکہ طور پر انجام دیں گے۔ دستاویزات میں واضح کیا گیا ہے کہ غیر قانونی تارکینِ وطن کو ملازمت فراہم کرنے والے افراد اور اداروں کے خلاف زیادہ جرمانے، انتظامی کارروائی اور ممکنہ فوجداری اقدامات بھی شامل ہو سکتے ہیں، تاکہ لیبر مارکیٹ میں غیر قانونی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

اس سے قبل، 31 دسمبر 2025 کو روسی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ 2026 میں غیر ملکی شہریوں کے لیے بایومیٹرک شناختی نظام متعارف کرایا جائے گا، جبکہ 2027 میں غیر ملکیوں کی نقل و حرکت کی نگرانی کے لیے ایک جامع انفارمیشن سسٹم قائم کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس نئے نظام کے تحت روسی وزارتِ داخلہ کے اہلکاروں کو بین الاقوامی فضائی ٹکٹ بکنگ سسٹمز تک رسائی دی جائے گی، جبکہ ایک جدید اوپن سورس تجزیاتی نظام کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کی آمد و رفت پر نظر رکھی جائے گی۔روسی حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام اقدامات ملک کی قومی سلامتی، لیبر مارکیٹ کے استحکام اور امیگریشن قوانین کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں۔

Advertisement