لاہور بسنت: کسی شخصیت کی تصویر والی پتنگ نہیں اڑسکتی، حکومت کا فیصلہ
اسلام آباد (صداۓ روس)
حکومتِ پنجاب نے لاہور میں بسنت کے موقع پر امنِ عامہ برقرار رکھنے اور اشتعال انگیزی سے بچاؤ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس کے تحت مقدس کتب، مذہبی مقامات، کسی شخصیت، ملک یا سیاسی جماعت کے جھنڈے والی پتنگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ 30 دن تک مذہبی یا سیاسی نقش والی پتنگوں پر پابندی برقرار رہے گی، جبکہ بسنت کے دوران صرف یک رنگ یا کثیر رنگی (غیر علامتی) پتنگوں کے استعمال کی اجازت ہوگی۔ خلافِ قانون پتنگوں کی تیاری، نقل و حمل، ذخیرہ، فروخت اور استعمال قابلِ تعزیر جرم ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے پنجاب کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت بسنت 2026 کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت کارروائی کی ہدایات دی ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق حکومت نے بسنت کو صرف تفریحی تہوار کے طور پر محفوظ بنانے کی اجازت دی ہے، اور کسی قسم کی قانون شکنی یا اشتعال انگیزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ پابندیاں امنِ عامہ اور عوام کے مذہبی جذبات کے تحفظ کے لیے نافذ کی گئی ہیں۔