ایران کے دو شہروں میں دھماکے، 5 افراد ہلاک، 10 سے زائد زخمی

Bandar Abbas Port Bandar Abbas Port

ایران کے دو شہروں میں دھماکے، 5 افراد ہلاک، 10 سے زائد زخمی

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران کے دو مختلف شہروں میں پیش آنے والے دھماکوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر پانچ افراد ہلاک جبکہ دس سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ واقعات ہفتے کے روز بندر عباس اور اہواز میں پیش آئے۔ رپورٹس کے مطابق خلیجی ساحلی شہر بندر عباس میں معلم بلیوارڈ کے علاقے میں واقع ایک آٹھ منزلہ رہائشی عمارت میں زور دار دھماکا ہوا، جس کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث عمارت کی دو منزلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں، جبکہ قریبی دکانوں اور متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ایرانی حکام کے مطابق اس واقعے میں ایک شخص ہلاک اور چودہ افراد زخمی ہوئے۔ دوسری جانب ایران کے شہر اہواز میں چار منزلہ رہائشی عمارت میں گیس دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو کارروائی کے دوران عمارت کے ملبے تلے دبے تین سالہ بچے اور ایک خاتون کو زندہ نکال لیا گیا۔ حکام کے مطابق دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔