پاکستان میں متعین روسی سفیر کی وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات
اسلام آباد (صداۓ روس)
اسلام آباد میں روسی فیڈریشن کے سفیر البرٹ پی خوریف نے پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران نومبر دو ہزار پچیس میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے دسویں بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقین نے اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور طے پایا کہ متعلقہ شعبوں میں رابطے مضبوط کیے جائیں گے۔ روسی سفیر البرٹ پی خوریف نے اسلام آباد میں مسجد میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا پیغام دیا۔ انہوں نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ روس دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
ملاقات میں دونوں جانب سے دہشت گردی کی تمام اقسام اور مظاہر کے خلاف مشترکہ طور پر جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے انسدادِ دہشت گردی تعاون کو مزید مؤثر بنایا جانا ضروری ہے۔