روس کا پاکستان اور افغانستان سے کشیدگی ختم کرنے اور مذاکرات کی اپیل

Maria Zakharova Maria Zakharova

روس کا پاکستان اور افغانستان سے کشیدگی ختم کرنے اور مذاکرات کی اپیل

ماسکو (صداۓ روس)
روس نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی عسکری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے خطرناک محاذ آرائی ترک کر کے مذاکرات کی راہ اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے افغان-پاکستان جھڑپوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو اسلامی امارت افغانستان اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان مسلح تصادم میں تیزی سے اضافے پر تشویش رکھتا ہے، جس میں باقاعدہ فوجی یونٹس، فضائی طاقت اور بھاری ہتھیار استعمال کیے جا رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ دونوں جانب جانی نقصان ہوا ہے اور زخمیوں میں عام شہری بھی شامل ہیں، جو صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔

ماریا زاخارووا نے اپنے بیان میں زور دیتے ہوئے کہا کہ روس دوست ممالک پاکستان اور افغانستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ خطرناک تصادم سے گریز کریں اور تمام اختلافات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کے لیے مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔ روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق خطے میں استحکام برقرار رکھنے اور مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے فوری سفارتی اقدامات ناگزیر ہیں۔