ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
پاکستان میں آبادی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی شرح پر قومی ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ملک میں سالانہ آبادی بڑھنے کی شرح 2.55 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جبکہ حکومت نے 2035 تک اسے کم کر کے 1.25 فیصد تک لانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔ آبادی کے استحکام سے متعلق اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان 24 کروڑ 15 لاکھ آبادی کے ساتھ دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن چکا ہے، جبکہ فی خاتون بچوں کی اوسط شرح 3.6 ہے، جو 2.1 کے مقررہ ہدف سے کہیں زیادہ ہے۔ ملک میں 67 فیصد آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے، جبکہ شادی شدہ جوڑوں میں سے 17.3 فیصد کو خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات میسر نہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں فی خاتون بچوں کی اوسط تعداد 5 ہے، جو ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ پاکستان میں ہر سال تقریباً 11 ہزار مائیں دوران حمل یا زچگی جان کی بازی ہار جاتی ہیں، جبکہ بڑھتی ہوئی افرادی قوت کے لیے سالانہ 26 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا کرنا ضروری ہیں۔ اندازوں کے مطابق 2050 تک طلبہ کی تعداد 6 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی سربراہی میں قومی آبادی کونسل کام کر رہی ہے، جبکہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں مانع حمل ادویات اور مصنوعات پر ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے۔ اس کے باوجود قومی ایکشن پلان کے لیے 39 فیصد فنڈز کی کمی برقرار ہے۔ اجلاس میں میڈیا پر زور دیا گیا کہ وہ آبادی میں اضافے، خاندانی منصوبہ بندی اور صحت سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔