آپریشن غضب للحق: 331 طالبان اہلکار ہلاک، 500 سے زائد زخمی ہونے کا دعویٰ

dead bodies of Taliban dead bodies of Taliban

آپریشن غضب للحق: 331 طالبان اہلکار ہلاک، 500 سے زائد زخمی ہونے کا دعویٰ

اسلام آباد (صداۓ روس)
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آپریشن ’’غضب للحق‘‘ کے دوران اب تک 331 افغان طالبان اہلکار ہلاک جبکہ 500 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ وزیرِ اطلاعات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آج صبح 9 بجے تک افغان طالبان کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران طالبان رجیم کے 163 ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں تباہ کی جا چکی ہیں، جبکہ 104 طالبان چوکیوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا اور 22 چوکیوں پر پاکستان نے قبضہ کر لیا ہے۔ ان کے مطابق افغانستان بھر میں 37 مختلف مقامات کو فضائی کارروائیوں میں مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس بریفنگ میں آپریشن کی ابتدائی تفصیلات سے آگاہ کیا تھا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کے خلاف یہ آپریشن تاحال جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قلعہ سیف اللہ سیکٹر میں افغان طالبان کی اعلیٰ جرگہ تھانہ پوسٹ اور رحیم تھانہ پوسٹ تباہ کی گئیں، جبکہ نوشکی سیکٹر میں بھی ایک اہم پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائیوں کے دوران افغان طالبان کے اوماری کیمپ اور خیبر پوسٹ کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔ مزید بتایا گیا کہ کانڈکسی بیس چترال، نیو افغان 8 پوسٹ، فوجی آریانہ کمپلیکس، دبگئی چیک پوسٹ، افغان پولیس ہیڈکوارٹر اور ذاکر خیل پوسٹ کو بھی کارروائیوں میں تباہ کر دیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی کارروائیوں کے بعد افغان طالبان فورسز متعدد چیک پوسٹیں چھوڑ کر پسپا ہونے پر مجبور ہوئیں۔ زوبہ سیکٹر میں گالف پوسٹ اور ڈیلٹا پوسٹ کو بھی تباہ کیا گیا جبکہ ساؤتھ کمپلیکس کے قریب طالبان کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ بیان کے مطابق مؤثر جوابی کارروائی میں افغان طالبان کی تین بٹالینز اور ایک سیکٹر ہیڈکوارٹر مکمل تباہ کر دیا گیا، اسلحہ ڈپو بھی تباہ ہوا جبکہ 80 سے زائد ٹینک، توپ خانہ اور بکتر بند گاڑیاں ناکارہ بنا دی گئیں۔ وطن کے دفاع کے دوران پاک فوج کے دو جوان شہید اور تین زخمی ہوئے۔

سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستانی فورسز نے آرٹلری اور کواڈ کاپٹرز کے ذریعے بھی اہداف کو نشانہ بنایا۔ متعدد اہم پوسٹس تباہ ہونے کے بعد افغان طالبان کی جانب سے بعض مقامات پر سفید جھنڈا لہرانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ مزید یہ کہ افغانستان کے صوبہ پکتیا میں پانچ افغان پوسٹوں پر قبضہ کر کے پاکستان کا جھنڈا لہرا دیا گیا۔