پاک افغان سرحدی کشیدگی: خیبر پختونخوا میں اینٹی ڈرون سسٹمز فعال
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاک افغان سرحدی کشیدگی کے پیش نظر صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں اینٹی ڈرون سسٹمز فعال کرتے ہوئے سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ کیپیٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق ضلع بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں اور نواحی و مضافاتی علاقوں کی پولیس چوکیوں پر اینٹی ڈرون گنز نصب کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ فضائی خطرے کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔ سکیورٹی اداروں کے مطابق ان اقدامات کا مقصد کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو پیشگی روکنا اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔