پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، عوام پر پیٹرول بم گرا دیا گیا
اسلام آباد (صداۓ روس)
حکومت پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی تجویز پر آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمتیں طے کر لی ہیں جو آج رات 12 بجے سے نافذ العمل ہو جائیں گی۔ پیٹرولیم ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اب تک 258 روپے 17 پیسے فی لیٹر دستیاب پیٹرول اگلے 15 روز کے لیے 266 روپے 17 پیسے فی لیٹر ملے گا۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 16 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اب تک 275 روپے 70 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہائی اسپیڈ ڈیزل اب 280 روپے 86 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔ یہ اضافہ عوام پر بوجھ ڈالنے والا قرار دیا جا رہا ہے جہاں پہلے سے ہی مہنگائی اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافے سے گھریلو بجٹ متاثر ہو رہے ہیں۔ حکومت نے اس فیصلے کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور دیگر عوامل سے جوڑا ہے۔