روس میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کا نیشنل سینٹر “روسیا” کا دورہ، نمائش کو منفرد قرار دیا

روس میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کا نیشنل سینٹر “روسیا” کا دورہ، نمائش کو منفرد قرار دیا

ماسکو (اشتیاق ہمدانی)
روس میں متعین پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پہلی مرتبہ نیشنل سینٹر “روسیا” کا دورہ کیا اور وہاں منعقدہ انٹرایکٹو نمائش “جرنی تھرو رشیا” کو سراہتے ہوئے اس کے منفرد تصور کی تعریف کی۔ دورے کے دوران سفیر کو نمائش کا تفصیلی تعارف کرایا گیا۔ یہ نمائش تین ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر پھیلی ہوئی ہے جس میں روس کے تمام وفاقی اضلاع کی کامیابیوں، ثقافت، سائنس اور قدرتی وسائل کو پیش کیا گیا ہے۔ نمائش میں مشرقی شہر ولادی ووستوک سے لے کر مغربی شہر کالینن گراڈ تک روس کے مختلف علاقوں کی نمائندگی کی گئی ہے۔ فیصل نیاز ترمذی نے علاقائی پویلینز کا بھی گہری دلچسپی سے مشاہدہ کیا جہاں مختلف خطوں کی ثقافتی خصوصیات، قدرتی وسائل اور معاشی امکانات کو اجاگر کیا گیا تھا۔ اس موقع پر پاکستان ٹی وی کے نمائندے اور “صدائے روس” کے چیف ایڈیٹر اشتیاق ہمدانی سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ اس نوعیت کے مراکز مختلف ممالک کی ثقافت، تاریخ اور ترقی کو متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نمائش کی متاثر کن پیشکش اور بھرپور مواد کے باعث وقت کا احساس ہی نہیں ہوا اور ایک گھنٹے سے زیادہ وقت پلک جھپکتے گزر گیا۔

انہوں نے روس کے قدرتی اور معدنی وسائل کی فراوانی اور وہاں مختلف اقوام اور ثقافتوں کی ہم آہنگ ترقی کو بھی سراہا۔ انھوں نے کہا روسی کلچر ، ثقافت اور یہاں تجارتی شعبے میں امکانات کے حوالے سے مفید معلومات حاسل ہوئیں۔ دورے کے دوران سفیر پاکستان نے انٹرایکٹو شعبوں میں حصہ لیا اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق نمائشوں کا بھی مشاہدہ کیا۔ فیصل نیاز ترمذی نے اس دورے کی دعوت اور انتظامات پر نیشنل سینٹر “روسیا” اور ماسکو پولی ٹیکنک یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا۔ اس ملاقات میں پاکستان کے سفارت خانے کے نمائندے بھی شریک تھے جن میں وزیر برائے تجارت و سرمایہ کاری شبانہ ممتاز اور سیکنڈ سیکریٹری جوشوا ایڈون آرتھر شامل تھے۔ اس کے علاوہ ماسکو پولی ٹیکنک یونیورسٹی کی جانب سے یولیا داویدووا اور نذیر مگسی بھی موجود تھے۔ یہ دورہ پاکستان اور روس کے درمیان ثقافتی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔