ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزارت خارجہ کے محکمہ بین الاقوامی تنظیمات کے ڈائریکٹر کرل لوگوینوف نے ٹاس کو انٹرویو میں کہا ہے کہ روس اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ویٹو کے استعمال پر پابندیوں کی تجاویز کو کبھی منظور نہیں کرے گا۔ لوگوینوف کے مطابق یہ حق کوئی استحقاق نہیں بلکہ خصوصی ذمہ داری کا بوجھ ہے اور یہ ایسا ذریعہ ہے جو پائیدار اور منصفانہ سمجھوتوں کی تلاش کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی کارکردگی میں کمی کی وجہ ویٹو کا استعمال نہیں بلکہ مغربی اقلیت کی پالیسیاں ہیں، جو اس ادارے کو صرف اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم ویٹو کے استعمال کو محدود کرنے والی تجاویز کو کبھی گرین سگنل نہیں دیں گے، چاہے کوئی بھی جواز پیش کیا جائے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے اصلاحاتی عمل میں ممکنہ کردار کے حوالے سے لوگوینوف نے کہا کہ یہ معاملہ ان کے مینڈیٹ کے دائرہ کار میں نہیں آتا اور یہ رکن ممالک کی خصوصی ذمہ داری ہے۔