بیجنگ(محمد ابراہیم عباسی)
چین کے صوبے چنگھائی میں ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے ایک غیر معمولی دریافت کرتے ہوئے جنوبی میمتھ کی مکمل کھوپڑی کا فوسل دریافت کر لیا ہے۔ اسے چین میں اس نوع کی پہلی مکمل فوسل شدہ کھوپڑی قرار دیا جا رہا ہے، جس سے لاکھوں سال قبل زمین پر موجود دیوہیکل جانوروں کی تاریخ اور ان کی نقل مکانی کے حوالے سے اہم شواہد ملنے کی توقع ہے۔
چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق یہ اہم دریافت چنگھائی-تبت سطح مرتفع کے شمال مشرقی کنارے پر واقع گونگھے بیسن میں ہوئی۔ ماہرین نے اس فوسل کی عمر تقریباً 13 لاکھ سے 20 لاکھ سال کے درمیان بتائی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال 7 اگست کو ماہرین کی ایک ٹیم کو ایک پہاڑی چٹان پر ہڈی کا تقریباً 15 سینٹی میٹر کا ٹکڑا نظر آیا۔ ابتدائی کھدائی اور صفائی کے بعد معلوم ہوا کہ یہ ایک دیوہیکل ہاتھی کی کھوپڑی ہے، جس کی لمبائی 75 سینٹی میٹر اور چوڑائی 70 سینٹی میٹر ہے، جبکہ اس کے دانتوں کی لمبائی تقریباً 175 سینٹی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
چینی ماہرین کے مطابق کھوپڑی کا بنیادی ڈھانچہ غیر معمولی طور پر محفوظ ہے اور اس میں ٹوٹ پھوٹ بھی انتہائی محدود ہے۔ چینی اکیڈمی آف سائنسز کے ادارے برائے فقاری حیوانیات اور قدیم انسانی تحقیق نے اس فوسل کی شناخت جنوبی میمتھ کے طور پر کی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جنوبی میمتھ برفانی دور کے ابتدائی زمانے میں یوریشیا کے بڑے ترین خشکی پر رہنے والے جانوروں میں شمار ہوتا تھا اور جسامت میں بعد کے دور کے مشہور اونی میمتھ سے بھی بڑا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس جانور کے جسم پر سرد موسم سے بچاؤ کے لیے گھنے بال نہیں تھے اور یہ نسبتاً گرم اور مرطوب ماحول، جنگلات، گھاس کے میدانوں اور جھیلوں کے کناروں پر رہنا پسند کرتا تھا۔
چینی سائنس دانوں کے مطابق اس سے قبل چین میں جنوبی میمتھ کے صرف دانتوں اور جبڑوں کے ٹکڑے دریافت ہوئے تھے، لیکن مکمل کھوپڑی کی یہ دریافت پہلی مرتبہ مشرقی ایشیا اور مغربی یورپ میں ملنے والے فوسلز کا براہِ راست تقابلی مطالعہ ممکن بنائے گی۔
اس تحقیق سے سائنس دان یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ جنوبی میمتھ یورپ سے مشرقی ایشیا تک کیسے پہنچا اور کس زمانے میں چنگھائی-تبت سطح مرتفع کے شمال مشرقی علاقے میں اس کی موجودگی قائم ہوئی۔
تحقیقاتی ٹیم کے مطابق اب فوسل کی مزید بحالی، تھری ڈی اسکیننگ اور جدید سائنسی تجربات کیے جائیں گے، تاکہ لاکھوں سال پہلے اس خطے کے ماحول، آب و ہوا اور حیاتیاتی نظام کی تاریخ کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔
یہ دریافت نہ صرف چین بلکہ عالمی سطح پر قدیم حیوانات اور زمین کی ارتقائی تاریخ کے مطالعے میں ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔





