بیجنگ(محمد ابراہیم عباسی )
پاکستان کی تاریخ میں ایک اور منفرد لمحہ سامنے آیا ہے، جب وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کے خلائی اسٹیشن پر موجود پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سے براہِ راست رابطہ کیا۔
یہ رابطہ ہفتے کے روز پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو کے ہیڈکوارٹر میں کیا گیا، جہاں دونوں رہنماؤں نے خلا میں موجود پاکستانی خلا باز سے براہِ راست گفتگو کی۔ محمد ذیشان علی اس وقت چین کے شینژو 24 مشن کے تحت تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر موجود ہیں۔
ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے دو خلا بازوں تانگ ہونگبو اور وو یی کے ساتھ خلائی سفر پر روانہ ہوئے تھے۔ اس مشن کے ذریعے وہ چین کے خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے، جبکہ چین کے انسانی خلائی پروگرام میں پہلی مرتبہ کسی غیر ملکی خلا باز نے چینی عملے کے ساتھ مشترکہ مشن میں حصہ لیا ہے۔
یہ مشن پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون میں ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ اس دوران دونوں ممالک کے چار مشترکہ سائنسی منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے، جن کا تعلق حیاتیاتی ٹیکنالوجی اور جدید مواد کی تحقیق سے ہے۔
پاکستانی خلا باز کی یہ کامیابی نہ صرف ملک کے خلائی پروگرام کے لیے اہم ہے بلکہ اس نے پاکستان اور چین کے سائنسی تعاون کو بھی زمین سے خلا تک پہنچا دیا ہے۔





