بیجنگ( محمد ابراہیم عباسی)
چین میں سرکاری ملازمت حاصل کرنے کے لیے مقابلہ ایک بار پھر انتہائی سخت ہوگیا ہے، جہاں 2027 کے قومی سول سروس امتحان میں 34 لاکھ 50 ہزار امیدواروں نے اہلیت کا مرحلہ کامیابی سے عبور کیا، جبکہ حکومت نے صرف 35 ہزار 700 سرکاری آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح ہر آسامی کے لیے اوسطاً 97 امیدوار مقابلے میں ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق، 2027 کے قومی سول سروس امتحان کا تحریری مرحلہ اتوار 29 نومبر کو ملک بھر میں منعقد ہوا۔ اس سال بھرتیوں کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 2 ہزار 400 کم ہے، تاہم امیدواروں کی بڑی تعداد کے باعث سرکاری ملازمت کے حصول کی دوڑ بدستور سخت ہے۔
مقابلے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سب سے زیادہ مقبول دس آسامیوں میں سے ہر ایک کے لیے 3 ہزار 400 سے زائد امیدواروں نے درخواست دی، جبکہ ایک عہدے پر امیدواروں کی تعداد 6 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی۔
اس سال کے امتحان میں ایک اہم تبدیلی بھی متعارف کرائی گئی ہے۔ اب امتحان شروع ہونے کے 15 منٹ بعد پہنچنے والے امیدواروں کو امتحانی مرکز میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ اس سے پہلے یہ مہلت 30 منٹ تھی۔ اس کے علاوہ جعلی درخواستوں اور امتحانی عمل میں دھاندلی روکنے کے لیے امیدواروں کی شناخت کی تصدیق کے نظام کو بھی سخت کیا گیا ہے۔
حکام نے بعض افراد کی جانب سے کسی مخصوص امیدوار کو فائدہ پہنچانے کے لیے ایک ہی عہدے پر متعدد جعلی یا غیر سنجیدہ درخواستیں جمع کرانے کے طریقے کے خلاف بھی اقدامات کیے ہیں، تاکہ ملازمتوں کے مقابلے کی اصل صورتِ حال کو مصنوعی طور پر تبدیل نہ کیا جا سکے۔
بھرتی پالیسی میں نئے گریجویٹس اور نچلی انتظامی سطح کے اداروں کو ترجیح دی گئی ہے۔ مجموعی آسامیوں میں سے 26 ہزار 900 عہدے کاؤنٹی اور اس سے نچلی سطح کے سرکاری اداروں کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ 24 ہزار 600 آسامیاں نئے یونیورسٹی گریجویٹس کے لیے رکھی گئی ہیں۔
امتحان کے لیے عمر کی عمومی حد 18 سے 38 سال مقرر ہے، تاہم 2027 میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی مکمل کرنے والے نئے گریجویٹس کے لیے بالائی عمر کی حد 43 سال تک رکھی گئی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 2020 سے مسلسل سات برس تک بڑھنے کے بعد اس سال اہلیت حاصل کرنے والے امیدواروں کی تعداد میں پہلی مرتبہ کمی آئی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں یہ تعداد تقریباً 2 لاکھ 68 ہزار کم ہوئی، تاہم ماہرین کے مطابق اس کمی کو سرکاری ملازمتوں میں دلچسپی ختم ہونے کا ثبوت قرار نہیں دیا جا سکتا، کیونکہ بھرتیوں کی تعداد بھی کم ہوئی ہے اور بعض عہدوں پر اب بھی ہزاروں امیدوار مقابلے میں ہیں۔
پیکنگ یونیورسٹی کے مرکز برائے عوامی پالیسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ژوانگ دیشوئی کے مطابق، سرکاری ملازمتیں اپنی ملازمت کے نسبتاً مستحکم ہونے کی وجہ سے نوجوانوں کے لیے اب بھی پرکشش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آنے والے برسوں میں سرکاری بھرتیوں کی مجموعی تعداد بڑی حد تک مستحکم رہ سکتی ہے یا اس میں معمولی کمی آ سکتی ہے۔





