مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال: پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس سے 106 پروازیں منسوخ

Lahore airport Lahore airport

مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال: پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس سے 106 پروازیں منسوخ

اسلام آباد (صداۓ روس)
ملک کے مختلف بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی پروازوں کی بڑی تعداد منسوخ کر دی گئی ہے۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق آج پاکستان سے متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور قطر سمیت خطے کے دیگر ممالک کے لیے مجموعی طور پر 106 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے دبئی، ابوظہبی، شارجہ، قطر، کویت اور بحرین کے لیے روانہ ہونے والی 26 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ اسی طرح اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی، ابوظہبی، دوحہ، بحرین، کویت اور شارجہ سمیت مختلف مقامات کے لیے 18 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

ادھر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے دبئی، ابوظہبی، قطر، کویت اور بحرین جانے والی 22 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور سے دبئی، شارجہ، قطر اور ابوظہبی کے لیے 14 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اسی طرح ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی، شارجہ، راس الخیمہ، بحرین، دوحہ اور کویت کے لیے 6 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ مزید برآں سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 4 اور فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 8 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سات روز کے دوران پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک کے لیے منسوخ ہونے والی پروازوں کی مجموعی تعداد 814 تک پہنچ چکی ہے، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔