پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55، 55 روپے فی لیٹر اضافہ

Pakistani petrol pump Pakistani petrol pump

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55، 55 روپے فی لیٹر اضافہ

اسلام آباد (صداۓ روس)
حکومتِ پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 55، 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا اعلان نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں جاری جنگی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، جس کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس صورتحال پر انتہائی تشویش رکھتے ہیں اور آج انہوں نے خود ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں موجودہ حالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ نائب وزیراعظم کے مطابق حکومت کو فیصلہ کرنا تھا کہ قیمتوں میں کتنا اضافہ کیا جائے، اس لیے مختلف پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک متوازن راستہ اختیار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اس کشیدہ صورتحال کو کم کرنے کے لیے سفارتی سطح پر بھی سرگرم ہے اور مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے جا رہے ہیں تاکہ خطے میں کشیدگی کم کی جا سکے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بھی دیگر ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ پانچ روز سے روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے کیونکہ عالمی سطح پر قیمتوں میں مسلسل نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات سے ہوگا۔ اس موقع پر وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک اس وقت غیر معمولی حالات سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوس میں شروع ہونے والی کشیدگی نے پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر میں اضافہ کر لیا تھا اور ریاست کی کوشش ہے کہ موجودہ حالات میں حکمت عملی کے تحت معاملات کو آگے بڑھایا جائے۔