ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر صدر پوتن اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ایک ہفتے کے دوران دوسری مرتبہ ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ہے۔ اس بات کی تصدیق کریملن کے پریس دفتر نے منگل کو جاری بیان میں کی۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو جاری رکھی، خاص طور پر ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی فوجی کارروائی کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس سے قبل دونوں رہنماؤں کے درمیان 6 مارچ کو بھی ٹیلیفون پر رابطہ ہوا تھا۔ اسی عرصے کے دوران صدر پوتن نے خلیج فارس کے کئی ممالک کے رہنماؤں سے بھی بات چیت کی تھی۔ بعد ازاں 9 مارچ کو انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ یاد رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی شروع کی تھی جس کے دوران تہران سمیت کئی بڑے شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔ وائٹ ہاؤس نے اس کارروائی کو ایران کے مبینہ میزائل اور جوہری خطرات کے خلاف اقدام قرار دیا تھا. اس کے جواب میں پاسدارانِ انقلاب نے جوابی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل میں مختلف اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔ اس دوران خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے بھی حملوں کی زد میں آئے، جن میں بحرین، اردن، کویت، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔