روس کو ملک میں فوجی اڈہ دینے کے لئے تیار ہیں، سینٹرل افریقین ریپبلک

Russian Military Russian Military

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

وسط افریقی جمہوریہ (سی اے آر) روسی فوجی اڈہ قائم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ملک کے صدر کے مشیر فیدل نگوانڈیکا نے افریقی انیشی ایٹو خبر رساں ادارے کو بتایا کہ حکومت اس سلسلے میں مکمل تعاون کر رہی ہے۔ نگوانڈیکا نے کہا کہ “ہم چاہتے ہیں کہ روس سی اے آر میں ایک اڈہ تعمیر کرے۔” انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ملک کے دارالحکومت بنگوئی سے 80 کلومیٹر مغرب میں واقع علاقے بیرینگو میں زمین کا ایک ٹکڑا پہلے ہی مختص کر دیا ہے۔ مشیر صدر نے مزید کہا کہ بیرینگو میں موجود انفراسٹرکچر کی بدولت وہاں 10 ہزار تک فوجیوں کی تعیناتی ممکن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ “روس کی فوجی موجودگی کا مقصد ہمارے فوجیوں کی تربیت ہے۔” نگوانڈیکا نے زور دے کر کہا کہ “ہم روس کے ساتھ 1000 فیصد وابستہ ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ روس کو ہمارے ساتھ رہنا چاہیے۔ اگر آج روس ہمیں چھوڑ دے گا تو مغربی ریاستیں ہمیں نگل جائیں گی، جنہوں نے ہماری آزادی کے بعد سے اب تک ہمارے ملک کے لیے کچھ نہیں کیا۔”