ایران جنگ کے تناظر میں سوئٹزرلینڈ کا امریکی فوجی پروازوں پر پابندی کا اعلان

US Airforce US Airforce

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

ایران سے جاری کشیدگی کے تناظر میں سوئٹزرلینڈ نے امریکی فوجی پروازوں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے بلوم برگ کے مطابق سوئس حکام نے واضح کیا ہے کہ ایران جنگ سے براہِ راست منسلک امریکی فوجی پروازوں کو ملک کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے اور اس کا مقصد سوئٹزرلینڈ کی غیر جانبدارانہ پالیسی کو برقرار رکھنا ہے۔ سوئس حکام کے مطابق ملک کی فضائی حدود کسی ایسے فوجی آپریشن کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی جو براہِ راست جاری تنازع سے منسلک ہو۔ دوسری جانب ایران نے خطے کے ممالک کو ممکنہ امریکی فالس فلیگ آپریشن سے خبردار کر دیا ہے۔ ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکہ فالس فلیگ کارروائی کے لیے ایرانی ساختہ شاہد ڈرونز کی نقل استعمال کر سکتا ہے۔ ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس طرح کے کسی بھی ممکنہ اقدام کا مقصد خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھانا اور ایران کو براہِ راست ذمہ دار ٹھہرانا ہو سکتا ہے۔