ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ امریکا، ایران اور علاقائی ثالثوں کا ایک گروپ ممکنہ 45 روزہ جنگ بندی کی شرائط پر بات چیت کر رہا ہے، جو بالآخر جنگ کے مستقل خاتمے کا باعث بن سکتی ہے۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اگلے 48 گھنٹوں میں کسی جزوی معاہدے تک پہنچنے کے امکانات کم ہیں، تاہم یہ آخری کوشش جنگ میں مزید اضافے کو روکنے کا واحد موقع سمجھا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ثالث دو مرحلوں پر مشتمل ڈیل کی شرائط پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ پہلا مرحلہ ممکنہ 45 روزہ جنگ بندی ہوگا، جس کے دوران جنگ کے مستقل خاتمے پر بات چیت کی جائے گی۔ اگر مذاکرات کے لیے مزید وقت درکار ہوا تو جنگ بندی میں توسیع کی جا سکتی ہے۔
دوسرا مرحلہ جنگ کے مکمل خاتمے پر ایک جامع معاہدہ ہوگا۔ امریکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس اور امریکی محکمہ خارجہ نے اس رپورٹ پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔