بیجنگ (محمد ابراہیم عباسی)
پاکستان کے خلائی پروگرام کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل عبور ہونے جا رہا ہے، جہاں پاکستانی فضائیہ کے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی چین کے تاریخی خلائی مشن شینژو 24 کا حصہ بن گئے ہیں۔ اس مشن کے تحت وہ چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز اور چین کے عملے کے ساتھ مدار میں جانے والے پہلے پاکستانی بننے جا رہے ہیں۔ چینی سرکاری خلائی ادارے چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی نے 24 نومبر کو شینژو 24 کے تین رکنی عملے کا اعلان کرتے ہوئے محمد ذیشان علی کے نام کی تصدیق کی۔ چائنا ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق ان کے ہمراہ چین کے دو تجربہ کار خلا باز میجر جنرل تانگ ہونگبو اور کرنل وو یی بھی خلائی سفر کریں گے۔
چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے مطابق شینژو 24 خلائی جہاز 25 نومبر بروز بدھ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر، جبکہ بیجنگ کے مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ پر شمال مغربی چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے روانہ ہوگا۔ مشن کے دوران پاکستانی خلا باز بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ خدمات انجام دیں گے اور تقریباً ایک ہفتہ چین کے خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے۔ اس دوران وہ چینی خلا بازوں کے ساتھ مشترکہ سائنسی تجربات، تحقیقی سرگرمیوں اور خلائی آلات کی تنصیب و جانچ میں حصہ لیں گے۔ چینی خلائی ادارے کے ترجمان ژانگ جنگ بو کے مطابق پاکستانی خلا باز کی بنیادی ذمہ داری چین اور پاکستان کے مشترکہ خلائی سائنسی تجربات کی انجام دہی ہوگی۔
پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کا یہ تاریخی منصوبہ فروری 2025 میں طے پانے والے معاہدے کا نتیجہ ہے، جب پاکستان کے خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی ادارے سپارکو اور چین کی چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی نے پاکستانی خلا بازوں کے انتخاب اور تربیت کے لیے دوطرفہ تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اس پروگرام کے تحت پاکستان ایئر فورس کے دو پائلٹس محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو منتخب کر کے چین کے خلا بازوں کے تربیتی مرکز میں خصوصی تربیت کے لیے بھیجا گیا تھا، جہاں دونوں نے سخت تربیتی مراحل مکمل کیے۔ بعد ازاں محمد ذیشان علی کو تاریخی خلائی مشن کے لیے منتخب کیا گیا۔
پاکستانی خلائی ادارے سپارکو کے حوالے سے عرب نیوز کی 22 نومبر 2026 کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شینژو 24 کے عملے نے چین کے جیوکوان خلائی مرکز میں لانچ سے قبل مکمل مشق کامیابی سے انجام دی تھی۔ سپارکو کے بیان کے مطابق تینوں خلا بازوں نے پرواز سے قبل ضروری طریقہ کار مکمل کیا۔ ادارے نے اس پیش رفت کو پاکستان اور چین کی دوستی کے حوالے سے تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی لازوال دوستی اب زمین کی حدود سے آگے نکل کر خلا کی وسعتوں تک پہنچ رہی ہے۔ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی یہ کامیابی ملک کے لیے اس اعتبار سے بھی اہم ہے کہ اس سے قبل پاکستانی نژاد خاتون نمیرا سلیم 6 اکتوبر 2023 کو امریکی کمپنی ورجن گیلیکٹک کی ذیلی مداری پرواز کے ذریعے تقریباً 87.4 کلومیٹر کی بلندی تک پہنچی تھیں۔ تاہم محمد ذیشان علی کا مشن اس سے مختلف نوعیت کا ہے، کیونکہ وہ چین کے خلائی اسٹیشن تک پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے اور زمین کے گرد مدار میں واقع خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے۔