بیجنگ (محمد ابراہیم عباسی)
چین کے صدر شی جن پنگ نے فلسطینی عوام کے ساتھ عالمی یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کے خصوصی یادگاری اجلاس کو پیغام بھیجتے ہوئے فلسطین کے مسئلے کو مشرق وسطیٰ کے تنازع کا بنیادی اور مرکزی معاملہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث فلسطین کے مسئلے کو پس منظر میں نہ جانے دیا جائے بلکہ فلسطینی عوام کے جائز قومی حقوق کی بحالی اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی اور دو ریاستی حل کی جانب پیش رفت ہی مسئلے کے منصفانہ حل کی بنیادی راہ ہے۔
انہوں نے مغربی کنارے کے انتظامی معاملات اور غزہ کی جنگ کے بعد تعمیر نو کے حوالے سے اصول فلسطین پر حکمرانی فلسطینیوں کی پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا اور فلسطینی عوام کی زمینوں پر قبضے اور ان کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے اقدامات کی مخالفت کی۔
چینی صدر نے کہا کہ عالمی برادری کو فلسطین کی حمایت میں اپنے اعلانات اور وعدوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا چاہیے، غزہ میں مستقل جنگ بندی کو یقینی بنانے اور عام شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔
فلسطین کے مسئلے پر چین کا یہ تازہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں جنگ بندی کے باوجود انسانی بحران، بے گھر ہونے والے شہریوں اور مغربی کنارے میں کشیدگی کے حوالے سے عالمی تشویش برقرار ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق 2026 کے یادگاری اجلاس کے موقع پر بھی غزہ میں انسانی حالات نازک ہیں، جبکہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں آبادکاری، مکانات کی مسماری اور فلسطینی آبادی کی نقل مکانی جیسے معاملات امن کی کوششوں کے لیے چیلنج بنے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ ہر سال 29 نومبر کو فلسطینی عوام کے ساتھ عالمی یکجہتی کا دن مناتا ہے۔ اس دن کی تاریخی اہمیت 29 نومبر 1947 کی اس قرارداد سے جڑی ہے جس کے ذریعے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطین کو عرب اور یہودی ریاستوں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ منظور کیا تھا۔ بعد ازاں 1977 میں جنرل اسمبلی نے قرارداد 32/40 بی کے تحت ہر سال اس دن کو فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر دنیا بھر میں فلسطینی عوام کے حق خودارادیت، آزادی اور قومی حقوق کی حمایت میں تقریبات اور اجلاس منعقد کیے جاتے ہیں۔
چین طویل عرصے سے فلسطین کے مسئلے کے سیاسی حل، دو ریاستی فارمولے اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا مؤقف اختیار کرتا رہا ہے۔ بیجنگ کا مؤقف ہے کہ فلسطین کا منصفانہ حل مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ صدر شی جن پنگ کا تازہ پیغام بھی اسی چینی سفارتی مؤقف کا تسلسل ہے، جس میں جنگ بندی، فلسطینی عوام کے حقوق، غزہ کی تعمیر نو اور بین الاقوامی قانون کے مطابق سیاسی حل پر زور دیا گیا ہے۔