امریکا اور لبنان کی اسرائیل سے حملے روکنے کی درخواست

F-16 F-16

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

امریکا اور لبنان نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حزب اللہ کے خلاف اپنی کارروائیوں میں عارضی وقفہ کرے تاکہ آئندہ مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک نے اسرائیل سے کہا ہے کہ براہ راست مذاکرات شروع ہونے سے قبل حملوں کو روک دیا جائے، جبکہ بعض اسرائیلی حکام بھی اس مؤقف سے اتفاق کرتے ہیں اور اسے اپنے مفاد میں قرار دیتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسرائیل اور لبنان کے سفیروں نے واشنگٹن میں ایک سہ فریقی ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے معاون نے بھی شرکت کی۔ اس رابطے کے بعد لبنان کی قیادت نے 14 اپریل کو مذاکرات کے انعقاد پر اتفاق کا اعلان کیا۔

لبنانی صدر کے دفتر کے مطابق واشنگٹن میں لبنان کی سفیر ندا حمادہ معوض اور اسرائیلی سفیر کے درمیان ملاقات طے پا گئی ہے، جو امریکی محکمہ خارجہ میں ہوگی اور اس میں جنگ بندی سے متعلق امور پر بات چیت کی جائے گی۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور عالمی سطح پر مذاکرات کے ذریعے حل تلاش کرنے کی کوششیں تیز ہو رہی ہیں۔