آسٹریلیا میں پہلی بار خاتون آرمی چیف مقرر، تاریخ رقم

Susan Coyle Susan Coyle

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

آسٹریلیا نے اپنی 125 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون کو آرمی چیف مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جو ملک کی دفاعی قیادت میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ حکومتی بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل سوسن کوائل جولائی میں باقاعدہ طور پر یہ عہدہ سنبھالیں گی۔ لیفٹیننٹ جنرل سوسن کوائل اس وقت جوائنٹ کیپیبلٹیز کی سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں اور وہ موجودہ آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل سائمن اسٹیورٹ کی جگہ لیں گی، جنہوں نے جولائی 2022 میں یہ ذمہ داری سنبھالی تھی۔ یہ تقرری آسٹریلوی دفاعی افواج میں صنفی نمائندگی بڑھانے کی کوششوں کا حصہ سمجھی جا رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق آسٹریلوی دفاعی افواج میں اس وقت خواتین کا تناسب تقریباً 21 فیصد ہے جبکہ اعلیٰ قیادت میں یہ شرح 18.5 فیصد ہے۔ حکام نے 2030 تک خواتین کی مجموعی شرکت کو 25 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔

دوسری جانب حالیہ برسوں میں دفاعی اداروں کو خواتین کے خلاف مبینہ ہراسانی اور امتیازی سلوک کے الزامات کا بھی سامنا رہا ہے، جس کے تحت گزشتہ سال ایک اجتماعی مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔ اسی اعلان کے ساتھ حکومت نے وائس ایڈمرل مارک ہیمنڈ کو آسٹریلوی دفاعی افواج کا سربراہ مقرر کیا ہے، جو ایڈمرل ڈیوڈ جانسٹن کی جگہ لیں گے، جبکہ ریئر ایڈمرل میتھیو بکلی کو نیوی کی کمان سونپی جائے گی۔ یہ تقرریاں آسٹریلیا کی دفاعی پالیسی میں اصلاحات اور قیادت میں توازن لانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہیں۔